کراچی: گرومندر کے قریب صبح سویرے فائرنگ کے واقعے میں 2 سگے بھائی جاں بحق ہوگئے۔
ایس ایس پی جمشید ٹاؤن علینہ راجپر نے بتایا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے گرومندر کے علاقے میں سیاہ رنگ کی کار پر شدید فائرنگ کی۔
فائرنگ کے نتیجے میں کار میں موجود دو سگے بھائی واجد اور شان شدید ہوگئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دونوں بھائی چل بسے۔
اے ایس پی جمشید ٹاؤن نے کہا کہ متاثرہ کار میں 5 بھائی سوار تھے جن میں سے 2 بھائی شدید زخمی ہوئے اور ایک خوش قسمتی سے محفوظ رہا۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ دشمنی کا نتیجہ ہے، جائے وقوعہ سے نائن ایم پستول کے 18 خول ملے ہیں جب کہ کار پر بھی لگ بھگ اتنی ہی گولیوں کے نشانات پائے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے دونوں بھائی واجد اور شان لسبیلہ کے رہائشی تھے، جو کورٹ میں پیشی کے لئے جارہے تھے۔ تاہم واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے لکی مروت میں آپریشن کرکے کالعدم تنظیم کے2 مبینہ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
اس حوالے سے سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ عملے نے مصدقہ اطلاعات کے بعد لکی مروت کے علاقے ڈاڈیوالہ میں کارروائی کی۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، ہلاک مبینہ دہشت گرد پولیس پرحملوں، ٹارگٹ کلنگ سمیت درجنوں مقدمات میں مطلوب تھے۔