گوادر میں مزدوروں کے قتل میں ملوث کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے 2 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
کوئٹہ میں وزیرداخلہ بلوچستان ضیاء لانگو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا تھاکہ گرفتاردونوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم بی ایل اے سے ہے اور مزدوروں کے قتل میں ملوث دونوں دہشت گرد گوادر سے گرفتار ہوئے۔
ضیا لانگو کا کہنا تھاکہ معصوم شہری دہشت گردوں کا نشانہ بن رہے ہیں، دہشت گردی کی وجہ سے ہزاروں جانوں کانقصان ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کامقصد ملک میں امن وامان کی صورتحال کو خراب کرنا ہے، ہم اپنے لوگوں کو مزید قتل ہوتے نہیں دیکھ سکتے، دہشت گردوں کو ہمارے حقوق سے کوئی سروکار نہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ جو بلوچستان کےحقوق کی بات کرے گا ہم ان کیلئے دو قدم آگے جائیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں گوادر کے علاقے سربندر میں کوارٹر میں سوئے ہوئے7 افراد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا جبکہ ایک مزدور زخمی ہوا تھا۔
حجام کی دکام پر کام کرنے والے جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق پنجاب کے ضلع خانیوال سے تھا۔