بھارت میں قیامت خیز گرمی؛ ہیٹ اسٹروک سے 19 افراد ہلاک

نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت اور ریاستوں جھارکھنڈ، بہار اور اوڈیشہ میں شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئے جب کہ سرکاری سطح پر گرمی کے باعث 19 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی میں گزشتہ روز 52.9 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جو ملکی تاریخ کا گرم ترین دن تھا۔

مہاراشٹر کے علاوہ بھارت کی مشرقی ریاستوں بہار، جھار کھنڈ اور اوڈیشہ میں بھی گرمی نے ڈیرے ڈال دیئے ہیں جہاں ہیٹ اسٹروک سے بالترتیب 5، 3 اور 10 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ متعدد افراد کی حالت غیر ہوگئی۔

اسی طرح بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں شدید گرمی کے باعث ایک شخص کی اسپتال میں موت واقع ہوگئی۔ موت کی وجہ ڈی ہائیڈریشن بتائی گئی۔ نئی دہلی میں گرمی سے یہ پہلی موت ہے۔

بھارت کی مشرقی ریاستوں میں موجودہ گرمی کی لہر دو دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے درجہ حرارت 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ہونے پر ہیٹ ویو کا اعلان کیا ہے۔

نئی دہلی میں درجہ حرارت پرندوں اور جنگلی بندروں کے بیہوش یا بیمار ہونے کا سبب بن رہا ہے، شہر کا چڑیا گھر اپنے 1,200 مکینوں کو راحت پہنچانے کے لیے تالابوں اور چھڑکاؤ پر انحصار کر رہا ہے۔

ریاست اوڈیشہ کی حکومت نے اپنے ملازمین کے لیے صبح 11 بجے سے سہ پہر 3 بجے کے درمیان بیرونی سرگرمیوں پر پابندی لگا دی۔