ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں آج بھی گرمی کا راج رہے گا، کہیں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی اوپر چلا گیا جبکہ کہیں 50 ڈگری کے آس پاس کی گرمی محسوس کی جا رہی ہے۔
آج لاہور سمیت پنجاب کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت 45 ڈگری تک جائے گا جبکہ کراچی میں 42 ڈگری کی گرمی محسوس کیے جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
کراچی میں آج سے درجۂ حرارت میں کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ شہر کے چند مقامات پر بوندا باندی کا امکان بھی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 35 سے37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
جنوبی سندھ کے بیشتر اضلاع میں گرمی کی لہر جاری ہے، سیکڑوں افراد ہیٹ اسٹروک کا شکار بھی ہوئے ہیں، حیدر آباد سمیت جنوبی سندھ کے بیشتر اضلاع ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جہاں سورج آگ برسا رہا ہے اور پارہ 43 سے 52 سینٹی گریڈ تک پہنچ رہا ہے۔
شدید گرمی کے باعث شہریوں کے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہیں، راہ چلتے سیکڑوں افراد ہیٹ اسٹروک کا شکار ہوئے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں خصوصاً مختلف بیماریوں میں مبتلا مریض احتیاط برتیں کیونکہ گرمی جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب محکمۂ صحت سندھ کے مطابق سندھ میں ہیٹ اسٹروک سے کسی بھی شہری کی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی تاہم لو لگنے سے 1200 کیسز سامنے آئے ہیں تاہم ریسکیو ادارے نے 4 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
بلوچستان کےبعض اضلاع میں بھی شدید گرمی پڑ رہی ہے، دوسری طرف بجلی کی غیر اعلانیہ بندش نے بھی ملک بھر میں عوام کو بے حال کر دیا ہے۔
ادھر گلگت بلتستان، شمالی بلوچستان اور بالائی خیبر پختون خوا میں آج کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔
وادیٔ کشمیر میں موسم خوش گوار ہے اور موسم سے لطف اٹھانے کے لیے سیاحوں کی آمد جاری ہے۔