بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ڈیل کی پیشکشیں کی جا رہی ہیں لیکن انہوں نے ہر آفر کو ٹھکرا دیی ہے، بات چیت کے لیے دروازے کھلے ہیں : رؤف حسن

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں البتہ اگر انہوں نے دروازہ بند کر دیا ہے تو یہ ان کا فیصلہ ہے۔

پی ٹی آئی ترجمان نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ مینڈیٹ چوروں سے کسی قسم کا رابطہ نہیں ہوگا، یہ ہمارا اصولی فیصلہ ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ڈیل کی پیشکشیں کی جا رہی ہیں لیکن انہوں نے ہر آفر کو ٹھکرا دیا ہے، وہ چاہتے تو دو دن میں جیل سے نکل آتے لیکن وہ قوم اور ملک کے لیے جیل میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں البتہ اگر انہوں نے دروازہ بند کر دیا ہے تو یہ ان کا فیصلہ ہے لیکن بات اسی نکتے پر ہوگی کہ ہر ادارہ اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرے گا۔

خود پر 21 مئی 2024 کو ہونے والے قاتلانہ حملے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رؤف حسن نے کہا کہ مجھ پر حملہ کرنے والوں کی شکلیں ذہن میں نقش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تفتیشی ٹیم کا یہ کہنا سراسر جھوٹ ہے کہ میں تعاون نہیں کر رہا کیونکہ مجھ سے کسی نے حملے کی تحقیقات کے لیے رابطہ نہیں کیا۔

بانی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا بیان سے متعلق رؤف حسن نے کہا کہ یہ معاملہ لیگل ٹیم دیکھ رہی ہے۔