لاہور: مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہےکہ عمران خان جیل میں پرتعیش زندگی گزار ہے ہیں، ان کی جیل کم سسرال زیادہ لگتی ہے۔
حکومت کی جانب سے عمران خان کے سیل کی تصاویر سامنے آنے کے بعد عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہم بھی جیل میں لیڈر شپ سے ملاقات کے لیے ہفتے میں ایک دن جاتے تھے لیکن بانی پی ٹی آئی ان کی ملاقاتوں میں ملک کے خلاف آرٹیکل لکھے جارہے ہیں اور سازشیں ہورہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری گزارش ہے عدلیہ اس پر کمیشن بنا دے، ملاقاتوں کی لسٹ بھی ہمیں جاری کرنی چاہیے، کم از کم 40،50 لوگ روزانہ ان سے ملتے ہیں، ملاقاتوں میں اداروں کے لیے بغاوت کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، ملک کے خلاف آرٹیکل لکھوائے جارہے ہیں، ملک کے خلاف سازش ہورہی ہے، کچھ ججز کے خیال میں اس (جیل) کو ابھی بھی 5 اسٹار بننا چاہیے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھاکہ 7 بیرکس کو ملا کر ہال کمرہ ہے جس میں عمران خان کے پاس ایکسر سائز مشین، مشقتی، اٹیچ باتھ روم اور ٹی وی کی سہولت ہے، وہ پرتعیش زندگی گزار ہے ہیں، ان کی جیل کم سسرال زیادہ لگتی ہے، ہم نے تو ان کو ایکسرسائز مشین تک دی ہوئی ہے، وہ جیل میں مٹن کھاتے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ یہ کوئی مہمان نہیں یہ دیکھیں یہ کن کیسز میں جیل کے اندر ہیں، ایک بار حلف پڑھ لیتے تو پتا چل جاتا سائفر کو یوں نظرانداز نہیں کیا جاسکتا؟
ایک سوال کے جواب میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی لعن طعن کرتے ہیں میٹنگ میں آکر اچھے بچے بن جاتے ہیں۔