محکمہ موسمیات کی 18جون سے بارشوں کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات نے 18جون سے بارشوں کی پیش گوئی کردی،بحیرہ عرب سے نم ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے ۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 18سے 22جون کے دوران گلگت بلتستان، کشمیر میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،16سے 18جون کے دوران کے پی میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا،تاہم 18سے 22جون کے دوران چترال، ایبٹ آباد میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان  ہے۔

رپورٹ کے مطابق 16سے 18جون کے دوران بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم خشک رہے گا،ادھر پنجاب میں 18سے 22جون کے درمیان اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات میں آندھی  اوربعض مقامات پر بارش کا امکان ہے،20سے 22جون کے دوران بہاولپور، ملتان، خانیوال میں آندھی ،جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان  ہے۔

 اسی طرح 17سے 20جون تک سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا،21سے 22جون کے دوران سکھرجیکب آباد میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کاامکان  ہے۔

محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ 19سے 22جون کے دوران شدید گرمی کی لہر میں کمی کا امکان ہے ،تمام متعلقہ اداروں کو گرمی کی لہر کے دوران الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔