گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہم نے حیدرآباد جا کر 5کروڑ 40لاکھ روپے لواحقین میں تقسیم کرنے کا وعدہ کل پورا کر دیا،ہمیں گرین سگنل مل گیا ہے، 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو فری سولر لگا کردیں گے۔
گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو کےدوران کہا کہ سانگھڑ میں ایک اونٹنی کا پیر کاٹ دیا گیا تھا میں نے متاثر ہ شہری کو دو اونٹ دینے کا اعلان کیا ہے ، انہوں نے آئی جی سندھ سے سانگھڑ واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو فی الفور 24گھنٹے میں گرفتار کرنے کا کہا ہے ، اگر ہم ایسے لوگوں کو کھلا چھوڑ یں گے تو اس قوم پر عذاب آئے گا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ ہم اونٹوں کی قربانی بھی کررہے ہیں، ہم سب کو اجتماعی طور پر اللہ کے حضور معافی مانگنی چاہئے۔ اس سال گورنر ہاؤس میں 100اونٹوں کی قربانی ہوگی، قربانی کا گوشت مستحقین تک پہنچایا جائے گا۔
پچھلے سال کی طرح راشن بھی تقسیم کیا جائے گا، 20ہزار لوگوں کے راشن کاانتظام کیاگیا ہے، قربانی کے گوشت کے ساتھ ساتھ مستحقین میں راشن بھی تقسیم ہو گا ۔ آج تک گورنر ہاؤس سے جو اعلانات کئے گئےتھے اللہ تعالیٰ نے پورے کروائے ہیں۔
اس وقت 50ہزار بچے گورنر ہاؤس میں پڑھ رہے ہیں، لاکھوں خاندانوں میں راشن کی تقسیم آج بھی جاری ہے، جس کی موٹرسائیکل چوری ہوجاتی ہے اس کو مرحلہ وار موٹر بائیکس دے رہے ہیں، ان دو سالوں میں8ہزار کے قریب فری لیپ ٹاپ طلبا کودیئے۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ 300یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو فری سولر لگا کردیں گے، جن کےگھرکرائے اوربچے10سال سے چھوٹے ہوں گے فری سولر لگا کر دیں گے۔ 300یونٹ تک سولر کے ذریعے فری بجلی استعمال کرسکیں گے، ہم گھروں میں سولر لگانے کی ذمہ داری بھی اٹھا رہے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیز کی طرف سے گرین سگنل مل گیا ہے،جس کے بعد ہم مرحلہ وار فری سولر دینے کااعلان کررہے ہیں۔