چیئرمین سینیٹ یوسف رضاگیلانی نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو حکومتی اتحاد کے لیے فیملی جیسا قرار دیدیا۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمان پی ٹی آئی کے ساتھ اجنبی نظر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا حکومتی اتحاد کے لیے فیملی رکن جیسے ہیں، مولانا صاحب جب یہاں آتے ہیں، فیملی ممبر لگتے ہیں، مولانا فضل الرحمان کو ملتان کا سمجھتے ہیں وہ ہمارے دوست ہیں۔
یوسف رضا گیلانی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پیپلز پارٹی کے ن لیگ سے تحفظات صرف یہ ہیں کہ تحریری معاہدے پر عمل کیا جائے اور بلاول بھٹو بھی حکومت سازی کے وقت کیے گئے تحریری معاہدے پر عمل درآمد چاہتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بجٹ میں مہنگائی سے متعلق عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں، کوشش ہے بجٹ میں ضرورت مندوں کو ریلیف دیا جائے۔
اس کے علاوہ انہوں نے مخیر حضرات سے مفلس لوگوں کا خیال رکھنے کی اپیل بھی کی۔