قومی اسمبلی کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا، اجلاس میں بجٹ پر بحث کی جائے گی جبکہ اپوزیشن نے بھرپور احتجاج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام تقریباً 5 بجے طلب کیا گیا ہے، اجلاس کا 2 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا جس کے تحت اسمبلی میں آج سے بجٹ 25-2024ء پر بحث کا آغاز ہو گا، موجودہ اجلاس میں فنانس بل منظوری کیلئے پیش ہو گا۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب بجٹ پر بحث کا آغاز کریں گے اور حکومت کی معاشی پالیسیوں اور ٹیکسوں کے نظام پر تنقید کریں گے، اپوزیشن نے بجٹ منظوری کے دوران احتجاج اور ہنگامہ آرائی جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق بجٹ پر بحث ایک ہفتہ جاری رہے گی، ہفتہ اور اتوار کو بھی اجلاس جاری رکھنے کی تجویز دی گئی، حکومت 29 جون کو قومی اسمبلی سے بجٹ کی منظوری حاصل کرے گی۔
حکومتی ارکان کو بجٹ اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی، ارکان کو بجٹ منظوری تک حلقوں میں بھی نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔