ملک کے مختلف شہروں میں عید الاضحیٰ کے پہلے تین دنوں میں 27 افراد ڈوب کر جان کی بازی ہار بیٹھے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق عید کے دوران ملک کے مختلف شہر سخت گرمی کی لپیٹ میں رہے۔ ایسے میں گرمی سے ستائے شہریوں نے تینوں روز نہروں، دریاؤں، ڈیموں اور سمندر کا رخ کیا لیکن یہ عید انکی آخری عید بن گئی۔
کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 27 افراد نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ کراچی ہاکس بے پر 4، اوکاڑہ میں 2 بچے، کوہاٹ ڈیم میں 2، خانپور ڈیم میں 2، رحیم یار خان میں 2 بھائی، لیہ میں 3 بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
دریائے سندھ میں 2 بہنیں، باجوڑ، ہیڈ قادرپور، کوٹ ادو، فاروق آباد، سیالکوٹ میں ایک ایک شخص ڈوب کر جان کی بازی ہار بیٹھا۔ اسی طرح کوہاٹ کے تاندہ ڈیم میں نہاتے ہوئے دو افراد ڈوب کر جاں بحق ہوئے۔
اوکاڑہ کے نواحی قصبہ 28 ٹو ایل سے گزرنے والی نہر میں 2 سالہ بچہ جبکہ اوکاڑہ کے ہی نواحی قصبہ پھلروان وزیر میں 17 سالہ حسیب اللہ ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔