افغانستان کے مایہ ناز سپنر راشد خان نے ٹی 20 کیریئر میں پہلی مرتبہ بھارت کے خلاف وکٹ حاصل کرلی۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں وکٹوں کی تعداد کے اعتبار سے عالمی نمبر تین راشد خان کے بارے میں دلچسپ حقیقت یہ بھی ہے کہ انہوں نے آج سے پہلے مختصر ترین فارمیٹ میں کسی بھارتی کھلاڑی کو آؤٹ ہی نہیں کیا تھا۔
راشد خان کا بھارت سے پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سامنا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 میں ہوا جبکہ دوسری مرتبہ وہ ایشیا کپ 2022 میں بھارت کے سامنے آئے۔
یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں ہی میچز میں بھارت نے 200 سے زائد کا ٹوٹل بنایا اور دونوں ہی میچز میں افغانستان کو یک طرفہ مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
تاہم تیسری مرتبہ راشد خان بھارت کے سامنے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں آئے اور اس مرتبہ روہت شرما کو آؤٹ کر کے انہوں نے پہلی مرتبہ بھارت کے خلاف اس فارمیٹ میں وکٹ لی، یہی نہیں بلکہ انہوں نے اسی میچ میں ویرات کوہلی اور اکشر پٹیل کو بھی میدان بدر کیا۔