پاکستان میں نئی سیاسی پارٹی کی تشکیل، نام اور جھنڈا منظر عام پر آگیا

اسلام آباد : پاکستان میں نئی سیاسی پارٹی کا نام اور جھنڈا منظر عام پر آگیا، مفتاح اسماعیل اور شاہد خاقان کی نئی پارٹی کا نام عوام پاکستان پارٹی ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں نئی سیاسی پارٹی تشکیل دے دی گئی ، اس حوالے سے مفتاح اسماعیل نے  بتایا کہ 6 جولائی کو نئی پارٹی کا اعلان کریں گے، شاہد خاقان عباسی نئی پارٹی کے کنوینر ہوں گے۔

نئی پارٹی کا نام اور جھنڈا بھی منظر عام پر آگیا ہے ، مفتاح اسماعیل اور شاہد خاقان کی نئی پارٹی کا نام عوام پاکستان پارٹی ہوگا۔

ابتدائی طور پر 20 رکنی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، آرگنائزنگ کمیٹی چھ ماہ تک کام کرے گی، آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینیر شاہد خاقان عباسی جبکہ سیکریٹری مفتاح اسماعیل ہوں گے۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ سیاسی لوگ ہیں ، سیاسی رہنمائوں سے رابطے اور ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، محمود مولوی ، عمران اسماعیل ، رضا ہارون ، عشرت العباد سے رابطے اور ملاقاتیں ہوئیں ، عشرت العباد کو اپنا بھائی سمجھتا ہوں۔

کسی کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت نہیں دی ، جسکو آنا ہے وہ آئے گا ، ہم نے الیکٹیبلز یا پکڑ دھکڑ کی سیاست نہیں کرنی، ہم نان الیکٹیبلز کی سیاست کریں گے ، نئے چہرے سامنے لائیں گے۔

نئی پارٹی کی آرگنائزنگ کمیٹی میں بڑے بڑے نام شامل ہیں، جن میں سردار مہتاب عباسی ، سینیٹر جاوید عباسی ، ایم کیو ایم کے سابق رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین، سابق رکن قومی اسمبلی فیصل آباد سے رانا زاہد توفیق ، پنجاب کے سابق صوبائی وزیر ذعیم قادری بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ تحریک انصاف کے ڈاکٹر ظفر مرزا، ڈاکٹر طارق بنوری، معروف جرنلسٹ معیزجعفری،ایڈووکیٹ ڈاکٹر طارق چیمہ ، عمیر اللہ والا سمیرا خان بھی آرگنائزنگ کمیٹی کا حصہ ہیں۔