آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے چینی وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں سی پیک پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق ملاقات میں علاقائی امن و سلامتی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں چین پاکستان اقتصادی راہداری پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے چین کے ساتھ تزویراتی شراکت داری کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا،آرمی چیف نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے منصوبے سی پیک کے کامیاب نفاذ کیلئے تعاون کا وعدہ کیا۔
اس موقع پر چینی وزیر لیو جیان چاؤ نے کہا کہ وہ چین میں دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان کامیاب ملاقاتوں کے بعد پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور سی پیک پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کی بروقت تکمیل کے لئے چین کے عزم کو دہرایا۔
ملاقات کے آخر میں چینی وزیر نے علاقائی امن و استحکام برقرار رکھنے کے لئے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔