محکمہ موسمیات نےگلگت بلتستان ،کشمیر ، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار،بالائی خیبر پختونخوا اورشمال مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پر آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے منگل کے روز موسم کی صورتحال کے حوالے سے کہا ہے کہ اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم گرم اور خشک رہنے کے علاوہ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے ۔
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم کوہاٹ، کرک، بنوں، ٹانک، وزیرستان ، چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، بالاکوٹ ، مانسہرہ، کوہستان، خیبر، پشاور،باجوڑاور کرم میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم مری ،گلیات راولپنڈی ، جہلم، اٹک، چکوال اور تلہ گنگ میں جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات بارش ہو سکتی ہے، اس دوران لیہ ، بہاولپور، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان میں آندھی اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، بارکھان، ژوب، سبی ، ڈیرہ بگٹی اور گر دو نواح میں جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پربارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اس کے ساتھ ساتھ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ ساحلی علاقوں میں گرم اور مرطوب رہے گا۔
پہاڑی علاقوں جیسےکشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔