ملک بھر میں26 جون سے بارشوں کی پیشگوئی

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 26 جون سے یکم جولائی کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کردی۔

26 جون کو بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک کے مشرقی علاقوں میں داخل ہوں گی، 26 جون سے یکم جولائی کے دوران سندھ میں عمرکوٹ، بدین، ٹھٹھہ،کراچی اور حیدرآباد میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 2 یا 3 جولائی کو بارش ہوسکتی ہے۔

اس کے علاوہ 27 جون سے یکم جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی،لاہور اور دیگر شہروں میں بارش متوقع ہے جب کہ 26 سے 30 جون کے دوران بہاولپور ،ملتان، خانیوال، راجن پور اور رحیم یار خان میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ 28جون سے یکم جولائی کے دوران کے پی،گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارشیں ہونگی جب کہ 26 سے 28 جون کے دوران لسبیلہ، خضدار، آوران، بارکھان اور نصیرآباد میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ بھارتی گجرات کے جنوب میں ہے۔