کراچی میں ہیٹ ویو کی وجہ سے ایک ہفتے کے دوران 427 افراد کے جاں بحق ہونے کا دعویٰ

شہر قائد کراچی میں ہیٹ ویو کی وجہ سے ایک ہفتے کے دوران 427 افراد کے جاں بحق ہونے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ہیٹ ویو کی وجہ سے ایک ہفتے میں 427 گھر اجڑ چکے ہیں، سرد خانے میتوں سے بھر گئے ہیں، ایدھی انتظامیہ کے پاس جگہ نہیں ہے۔

خواجہ اظہار الحسن نے مزید کہا ہے کہ افسوس شہر میں این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کا کوئی کیمپ نہیں ہے، کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کیخلاف 427 افراد کے قتل کی ایف آئی آر درج ہونی چاہیے، کراچی کو لوڈشیڈنگ فری زون ڈکلیئر کیا جائے۔

دوسری جانب کراچی میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی بڑھ گیا، جیکب آباد میں 49، دادو میں پارا 48 کو چھو گیا، سبی، لسبیلہ، خیر پور میں 47، روہڑی میں 46 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے، درجہ حرارت میں 2 ڈگری تک کمی متوقع ہے، بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں آج مشرقی علاقوں میں داخل ہوں گی، حیدرآباد، مٹھی، سجاول، بدین و دیگر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔