وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ینگ پارلیمنٹیرینز کے وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔
وزیر اعظم سے ملاقات کرنیوالے وفد میں اراکین قومی اسمبلی راجہ اسامہ سرور، بیرسٹر عقیل ملک، بیرسٹر دانیال چودھری، احمد عتیق انور، نوشین افتخار، رانا ارادت شریف خان، محمد عثمان اویسی، عمار احمد خان لغاری، ڈاکٹر شائستہ خان، زینب بلوچ ، سعد وسیم ،شاہد عثمان شامل تھے۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو عوام کی خدمت کا موقع فراہم کیا ہے، امید ہے آپ ملک کی ترقی و خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے دن رات کام کریں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے نئے مالی سال کے بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے بھر پور اقدامات اٹھائے ہیں، وزیراعظم قابل طلبہ کو حکومت کی طرف سے لیپ ٹاپس فراہم کئے جائیں گے، بجٹ میں آئی ٹی کے شعبے کے فروغ کے لئے تقریباً 100 ارب کے فنڈز رکھے گئے ہیں جو کہ تاریخی قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکلز ڈویلپمنٹ اور کھیلوں کے شعبے کے لئے بھی تاریخی فنڈز مختص کئے گئے ہیں، حکومت نوجوانوں کو روزگار کے بھرپور مواقع فراہم کرنے اور ان کی سکلز ڈویلپمنٹ کے لئے بہت سے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
ملاقات کے دوران شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومتی اداروں میں اصلاحات اور ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کی ترجیحات ہیں جن سے ملکی خزانے پر بوجھ کم کیا جا سکے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے، ملاقات میں متعلقہ حلقوں کے امور اور ملک کی مجموعی و سیاسی صورت حال پر بھی بات چیت کی گئی۔