کراچی: 24 گھنٹوں کے دوران ہیٹ اسٹروک سے 7 افراد جاں بحق : ہیٹ اسٹروک کے مجموعی طور پر 212 کیسز رپورٹ

کراچی میں گزشتہ  24 گھنٹوں کے دوران ہیٹ اسٹروک سے7 افراد انتقال کرگئے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق رواں برس مجموعی طور پر ہیٹ اسٹروک سے ہلاکتوں کی تعداد 17ہوگئی ہے۔

کراچی میں جمعرات کو ہیٹ اسٹروک کے مجموعی طور پر 212 کیسز رپورٹ ہوئے، ضلع وسطی میں سب سے زیادہ ہیٹ اسٹروک کے 98 کیسز رپورٹ کیے گئے جب کہ شہر قائد میں ہیٹ اسٹروک سے 7افراد انتقال کرگئے۔

دوسری جانب شدید گرم موسم  کے باوجود کے الیکٹر ک کی جانب سے اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

کراچی میں شدید گرمی کے باوجود کئی علاقوں میں 12سے14گھنٹے کی بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہے جہاں ڈیفنس، گلشن اقبال، گلبرگ، ملیر، ماڑی پور، میمن گوٹھ، نارتھ کراچی، اورنگی ٹاؤن اور ناظم آباد میں بجلی کی طویل بندش کی جارہی ہے۔