لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم خوشگوار ہو گیا، گرمی سے مرجھائے چہروں پر مسکراہٹیں لوٹ آئیں۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے باغبان پورہ، فرخ آباد ، لکشمی چوک، علامہ اقبال ٹاون، نابھہ روڈ، اقبال ٹاؤن،مون مارکیٹ،برکت مارکیٹ،فیروز پور روڈ، چوبرجی، انارکلی، مزنگ، شاہ عالم، مصری شاہ، دھرم پورہ سمیت دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی، بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے لگیں، بارش اور تیز ہواؤں سے موسم خوشگوار ہو گیا، گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔
کمشنر لاہور زید بن مقصود اور ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے واسا لاہور کو متحرک رہنے کی ہدایات جاری کر دیں، ایم ڈی واسا غفران احمد کا کہنا ہے کہ تمام سٹاف و مشینری مکمل الرٹ رہیں، تمام انڈر پاسز کو کلیئر رکھیں تا کہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو، تمام ڈسپوزل سٹیشنز کی سکرینوں کو مکمل صاف رکھا جائے۔
علاوہ ازیں سیالکوٹ میں تیز آندھی کے بعد بارش کا سلسلہ جاری ہوا، بارش کے باعث شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا، حافظ آباد شہر اور گردونواح میں بھی ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، کالی گھٹاؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار تو ہوا لیکن علاقے کی بجلی غائب ہو گئی، شکرگڑھ، کرتار پور،نورکوٹ، اخلاص پور، کوٹ نیناں اور گردونواح میں بھی موسلادھار بارش ہوئی، بارش سے گلیاں اور بازار ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے، شکرگڑھ میں بھی گیپکو ڈویژن کے متعدد فیڈر ٹریپ کر گے جس کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوئی گئی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے موسلادار بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے اور آئندہ کچھ روز تک وقفے وقفے سے بارشوں کاسلسلہ جاری رہےگا۔