محکمہ موسمیات نے جولائی کے پہلے 15 دنوں میں تیز بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات ظہیر احمد بابر نے بتایا کہ 4 سے 7 جولائی کے دوران اچھی بارشوں کی توقع ہے،اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارشیں جبکہ پوٹھوہار ریجن میں بھی اچھی بارشوں کی توقع ہے۔
ظہیر احمد بابر نے مزید کہا کہ بالائی علاقوں میں مون سون آہستہ آہستہ ساؤتھ میں شفٹ کرے گا،سندھ میں ٹھٹہ، بدین، تھرپارکر میں معمول سے زیادہ بارشوں کی توقع ہے جبکہ پنجاب کے علاقے لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، سیالکوٹ، فیصل آباد، پوٹھوہار ریجن میں رواں ہفتے میں موسلادھار بارش متوقع ہیں۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے کہا کہ کراچی میں اب درجہ حرارت معمول کے مطابق ہو جائیں گے،خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں جولائی کے پہلے 15 دنوں میں اچھی بارشوں کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ 4 سے 7 جولائی کے دوران بلوچستان کے شمالی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع جبکہ مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، سرگودھا، پشاور میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے،بالائی پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔