پاکستان کا غزہ پر اسرائیلی حملے بند کرنے کا مطالبہ : اسرائیل غزہ میں ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، 37 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، اقوام متحدہ قراردادوں پر عمل درآمد کرائے، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ پر اسرائیلی حملے مکمل بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے عالمی برادری پر اسرائیل کو جواب دہ بنانے اور انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے پر زور دیدیا۔

آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) پلس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےوزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی میں ملوث ہے، جنگی جرائم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، 37 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے جبکہ 20 لاکھ فلسطینیوں کو اسرائیل نے بے گھر کردیا ہے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ تنازعات سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ افغانستان دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات کرے تاکہ اس کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ افغان عوام کے مسائل کے حل کیلئے افغان عبوری حکومت سے بامعنیٰ بات چیت کرنا ہوگی، ریاستی دہشتگردی کی کھل کر مذمت کرنا ہوگی۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسلامو فوبیا اور لسانیت کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی۔

وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان مقامی کرنسیوں کے استعمال کی تجویز بھی پیش کی۔