سیاست صرف سیاستدانوں، ججوں اور فوجیوں پر نہیں چھوڑسکتے، مفتاح اسماعیل

 اسلام آباد: نئی سیاسی جماعت عوام پاکستان پارٹی کے سیکریٹری جنرل مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ سیاست صرف سیاست دانوں، ججوں اور فوجیوں پر نہیں چھوڑسکتے نئی جماعت بنادی ہے کوئی بھی اس پارٹی میں شامل ہوسکتا ہے۔

اسلام آباد میں پارٹی کی لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں پاکستان کا نظام اشرافیہ کو سپورٹ کرتا ہے اور غریب آدمی کو آگے نہیں آنے دیتا، نئی پارٹی اس لئے بنائی گئی ہے کہ ہمیں پاکستان کا نظام حقیقی معنوں میں بدلنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان ہمیں منظور نہیں ہے اس ملک میں مڈل کلاس پاکستانی کو مارا جارہا ہے، پچاس ہزار کمانے والے سے ٹیکس لیا جارہا ہے، سیکڑوں ایکڑ کے مالک سے ٹیکس نہیں لیا جاتا ہے، ہمارے نوجوان اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ملک چھوڑ کر جارہے ہیں، یہ حکمران تو ہمیں جان اور عزت کا تحفظ نہیں دے سکتے۔

انہوں ںے کہا کہ تیس سال سے دہشت گردی ہورہی ہے اور ہم ایک اور آپریشن کرنے جارہے ہیں، سیاست صرف سیاست دانوں، ججوں اور فوجیوں پر نہیں چھوڑسکتے، کوئی بھی اس پارٹی میں شامل ہوسکتا ہے اور اس کے بعد اس کا کوئی رشتہ دار نہیں آسکتا۔