پشاور میں موٹر سائیکل سوار شخص نے رکشے میں موجود خواتین پر تیزاب پھینک دیا۔
پولیس کے مطابق آبدرہ روڈ پر پیش آئے واقعہ کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آئی ہے جبکہ تیزاب گردی میں ملوث موٹر سائیکل سوار ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگیا، تیزاب سے زخمی خاتون نے سابق شوہر پر تیزاب پھینکنے کا الزام عائد کیا ہے۔
زخمی خاتون نے سابقہ شوہر فضل الرحمان کے خلاف تیزاب پھینکنے کا مقدمہ درج کروایا ہے، پولیس کے مطابق خاتون بہن کے ہمراہ رکشے میں جا رہی تھی کہ راستے میں دو موٹر سائیکل سوار آئے جنہوں نے تیزاب پھینکا جس کے نتیجے میں دونوں خواتین زخمی ہو گئیں۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے ملزم کی موٹر سائیکل اور دیگر اہم شواہد اکھٹے کرکے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق زخمی خاتون کو پہلے شوہر نے طلاق دے کر دوسری شادی کی تھی۔
اس معاملے پر ایس پی کینٹ ڈویژن وقاص رفیق کا کہنا ہے کہ جلد ملوث ملزم گرفتار ہوکر قانون کے گرفت میں ہوں گے۔