پی سی بی کا نامناسب رویے پر شاہین آفریدی کے خلاف ایکشن کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے نامناسب رویے پر ایکشن کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شاہین آفریدی کو بنگلہ دیش کے خلاف اہم سیریز سے باہر کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی میں مزید دو سے تین کھلاڑیوں کے خلاف شکنجہ سخت کرنے پر بھی مشاورت ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ڈومیسٹک کے پرفارمرز کو موقع دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث پی سی بی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ ہو رہی ہے۔

چئیرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقاتوں میں کوچز نے وہاب ریاض اور عبدالرزاق پر چند مخصوص کھلاڑیوں کی طرف داری کا الزام عائد کیا تھا اور یہ بھی کہا تھا کہ جن کھلاڑیوں کی طرف داری کی گئی انہوں نے اچھا کھیل بھی پیش نہیں کیا۔

محسن نقوی کو بتایا گیا کہ شاہین آفریدی نے ورلڈ کپ کے دوران ٹیم مینجمنٹ اور کوچز کے ساتھ بُرا برتاؤ کیا جس کا مینیجرز نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔ اس بات کی بھی تحقیقات ہو رہی ہیں کہ شاہین آفریدی کے خلاف ایکشن کیوں نہیں لیا گیا۔

کوچز کی جانب سے چیئرمین پی سی بی کو یہ بھی بتایا گیا کہ ٹیم کے اندر مختلف کھلاڑیوں نے لابیز بنائیں جبکہ کئی کھلاڑیوں کو غیر سنجیدہ بھی قرار دیا گیا۔

ان خبروں کے بعد شاہین آفریدی تاحال خاموش ہیں، البتہ وہاب ریاض نے ایک ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وہ ان بیانات سے اتفاق نہیں کرتے۔

وہاب ریاض نے اس بات کہ تردید کی ہے کہ انہوں نے سلیکشن کمیٹی پر دباؤ ڈال کر بعض کھلاڑیوں کے لیے راہ ہموار کی۔

سابق سلیکٹر کا کہنا ہے کہ ’ایک ووٹ سے کیسے چھ ممبران کی رائے تبدیل کی جا سکتی ہے؟‘

بدھ کو پی سی بی نے ایک مختصر بیان میں بتایا کہ وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو سلیکشن کمیٹیوں سے الگ کر دیا گیا ہے۔ اب دونوں کی مین اور ویمن سلیکشن کمیٹی میں مزید خدمات درکار نہیں ہیں۔

وہاب ریاض سے ٹیم کے سینیئر مینیجر کا عہدہ بھی واپس لے لیا گیا ہے جبکہ ٹیم مینیجر منصور رانا کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔