لاہور میں 315 ملی میٹر بارش سے 31 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا : 2018 میں 288 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی، کم وقت میں اتنی بارش پہلے نہیں ہوئی

مون سون کے رواں سیزن کے دوران پنجاب کے صوبائی دار الحکومت لاہور میں تیز بارش نے ملی میٹر میں ٹرپل سنچری مکمل کر لی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر بھر میں ساڑھے 7 گھنٹے میں 315 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، شہر کے درجن سے زائد علاقوں میں ایک ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ ہوئی، موسمیاتی تبدیلیوں اور مون سون کی وجہ سے شہر لاہور بارش کی زد میں ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس لاہور میں 291 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی، گزشتہ برس لاہور میں دوسری زیادہ سے زیادہ 256 ملی میٹر بارش 26 جون کو ہوئی، سال 2022 میں لاہور میں 238 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

اس سے قبل 2018 میں لاہور میں 288 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی، گزشتہ 31 برسوں میں لاہور میں اتنے کم وقت میں اتنی بارش نہیں ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق تاجپورہ میں سب سے زیادہ 315 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جیل روڈ پر 69 ، ایئرپورٹ پر 86، گلبرگ میں 103 ملی میٹر جبکہ لکشمی چوک میں 170 ، اپرمال میں 128، مغلپورہ میں 145 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

نشتر ٹاؤن میں 162، چوک ناخدا میں 151 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، پانی والا تالاب میں 151، فرخ آباد میں 140، گلشن راوی میں 151 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق اقبال ٹاؤن میں 152 ، سمن آباد میں 153 ملی میٹر، جوہر ٹاؤن میں 109، قرطبہ چوک میں 152 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔