ڈیرہ غازی خان سمیت مختلف علاقوں میں سیلاب کا خدشہ، الرٹ جاری

پی ڈی ایم اے نے کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں موسلادھار بارش کے پیش نظر ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ اور راجن پور سمیت مختلف علاقوں میں سیلاب کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے  پنجاب کی رود کوہیوں میں سیلاب کا الرٹ جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ  پہاڑی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث کمشنر ڈیرہ غازی خان و ڈی سیز ڈیرہ غازی خان، کوٹ ادو،راجن پور مظفر گڑھ اور لیہ میں 12 سے 13 جولائی کو درمیانے درجے کا سیلاب آسکتا ہے۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے پی ڈی ایم اے الرٹ کے پیش نظر متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایات کردی۔  انہوں نے کہا کہ مذکورہ علاقوں میں قائم آبادی اور مویشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے جہاں حکومت پنجاب شہریوں اور مال مویشیوں کا پوری طرح سے خیال رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی انتظامات مکمل ہیں، خطرے کی صورت میں شہریوں کو گھروں سے نکلنا اور انتظامیہ سے تعاون کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں جہاں ٹیمیں چوبیس گھنٹے عوام کی مدد کیلیے موجود ہیں۔