محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی کر دی

محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں پاکستان میں داخل ہوں گی، جس کے زیر اثر 16 سے سے 21 جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق 17 سے 20 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری ، گلیات اور وسطی وجنوبی پنجاب میں بارشیں متوقع ہے جبکہ 17 سے 19 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اعلامیے کے مطابق 16 سے 21 جولائی کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں  بارشیں ہوں گی جبکہ 17 سے 19 جولائی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور مرطوب رہے گا۔ اِس دوران شمال مشرقی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان کے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں 18 سے19 جولائی کے دوران کراچی،عمرکوٹ، مٹھی سمیت دیگر علاقوں میں بارش کاامکان ہے، 17 سے 21 جولائی کے دوران گلگت بلتستان کے کئی علاقوں میں بارشیں ہوسکتی ہیں۔

ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ 16 سے 21 جولائی کے دوران  آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے،17 سے 19 جولائی بالائی علاقوں میں بارش کے باعث پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں سے بالائی پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوسکتی ہے، 18 سے 19 جولائی کے دوران سندھ اور پنجاب کے کچھ علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔