پیپلزپارٹی کسی بھی سیاسی جماعت پرپابندی کے حق میں نہیں : مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں ہے۔

وزرا اور میئر کراچی کے ہمراہ کراچی میں جلوسوں کی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی کی نئی لہر جاری ہے اور حالات کو سامنے رکھتے ہوئے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے، جلوس کے اختتام تک سکیورٹی کا جائزہ لیتا رہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور کے ایم سی بھی انتظامات کے لیے متحرک ہے جبکہ سندھ پولیس اور رینجرز سمیت دیگر سکیورٹی ادارے بھی چوکس ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پہلے جو میئر آتے تھے وہ اختیارات اور فنڈز کا رونا روتے تھے لیکن مرتضیٰ وہاب وہ میئر ہیں جو آتے ہیں جب انہیں شہر کی بہتری کے لیے صلاح مشورہ درکار ہوتا ہے، صرف فنڈز کے لیے انتظامی امور میں بھی مدد کے لیے میئر کراچی ہمیشہ رابطے میں رہتے ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ ماتمی جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کا جائزہ لینے کل سکھر، روہڑی اور جیکب آباد کا دورہ کیا، آج کراچی اور حیدرآباد کے مرکزی ماتمی جلوسوں کی سکیورٹی اور انتظامات کا جائزہ لے رہا ہوں۔