اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس بدھ کو طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی منظوری لی جائے گی۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
گزشتہ دنوں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ سابق صدر عارف علوی، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کا کیس چلایا جائے، تینوں افراد کے خلاف وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد ریفرنس سپریم کورٹ کو بھجوایا جائے گا، ان کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کئے جائیں گے، پارلیمان سے قرارداد منظور کی جائے گی، آئین اور قانون کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔