بنوں میں فوج نے ایس او پیز کے مطابق درست رسپانس دیا: ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہےکہ بنوں واقعے پر انتشاری ٹولے نے پروپیگنڈا کرنے کی کوشش کی لیکن فوج نے ایس او پیز کے مطابق بالکل درست رسپانس دیا۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ 15 جولائی کو بنوں میں ہمارے 8 جوان شہید ہوئے لیکن ہمارے جوانوں نے جواں مردی سے ان حملہ کرنے والے تمام دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہجوم کو کنٹرول کرنا فوج کی ذمہ داری نہیں صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، اگر کوئی انتشاری ٹولہ آتا ہے تو اس کو پہلے وارننگ دی جاتی ہے، پھر ہوائی فائرنگ کی جاتی ہے، اگر وہ انتشاری ٹولہ نہ رکے تو پھر اس کے ساتھ جو کرنا ہو وہ کیا جاتا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے مزید کہا کہ بنوں کا واقعہ ہوا، اس پر عوام کا پرامن احتجاج ہوا، بالکل ہونا چاہیے، ان دہشتگردوں کے خلاف مارچ کریں بالکل کریں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھاکہ بنوں کے لوگوں نے کہا ہم امن مارچ کریں گے، اس امن مارچ میں کچھ مسلح لوگ پہلے سے شامل تھے، تاجروں کے امن مارچ میں کچھ مخصوص عناصر شامل ہوئے، انہوں نے سپلائی ڈپو کو لوٹا اور ایک عارضی دیوار کو بھی وہاں گرایا گیا،  اس جگہ سے ایک کلومیٹر دور مسلح افراد نے فائرنگ کی اور جانی نقصان ہوا  لہٰذا بنوں میں فوج نے رسپانس ایس او پیز کے مطابق بالکل درست دیا۔

پاک فوج کے ترجمان کی پریس کانفرنس میں بنوں واقعے کی فوٹیج چلائی گئی جس میں دکھایا گیا کہ بہت سے مظاہرین کے پاس اسلحہ ہے۔