ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ 28 جولائی سے 2 اگست 2024 تک پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ کریں گی، وہ حکومت پاکستان کی دعوت پر پاکستان آرہی ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ پاکستان کی قیادت، کابینہ کے ارکان، یوتھ لیڈرز سے ملاقاتیں کریں گی، سیکرٹری جنرل سول سوسائٹی کے نمائندوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے بھی ملیں گی۔
سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے میں پاکستان کی پُرزور حمایتی رہی ہیں، 2022 کے تباہ کن سیلاب کی دوسری برسی کے موقع پر سیکرٹری جنرل پاکستان کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اعادہ کریں گی۔
2022 کے سیلاب نے ملک کا ایک تہائی حصہ تباہ کیا تھا جس سے 30 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا، سیکرٹری جنرل کا سیلاب سے متاثر ہونے والے کچھ علاقوں کا دورہ کرنے کا بھی امکان ہے۔
اس موقع پر پاکستان اور کامن ویلتھ کے درمیان مشترکہ مفاد کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی بات ہوگی، قومی ترقیاتی منصوبے کی حمایت، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر غور کیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ کو وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کے بارے بریفنگ دی جائے گی، سیکرٹری جنرل کا دورہ پاکستان اور دولت مشترکہ کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔