زرمبادلہ کے ذخائرمیں 39 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی کمی

  کراچی: زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 39 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ قومی ذخائر کا مجموعی حجم 14 ارب 33 کروڑ سے زائد کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک سے جاری اعداد و شمار کے مطابق زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر گزشتہ ہفتے کے دوران 39 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کمی سے 9 ارب 2 کروڑ 72 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے۔

مرکزی بینک نے بتایا کہ کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 30 کروڑ 82 لاکھ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق ملک کے مجموعی ذخائر کی مالیت 19 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے کو 14 ارب 33 کروڑ 54 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک  کی جانب سے 29 جولائی کو زری پالیسی کا اعلان ہوگا۔

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد پریس کانفرنس کے ذریعے مانیٹری پالیسی کا اعلامیہ جاری کریں گے۔