اسٹیٹ بینک نے نئے نوٹوں کے ڈیزائن شارٹ لسٹ کر لیے

کراچی: اسٹیٹ بینک نے 10 روپے سے 5 ہزار روپے تک نئے نوٹوں کے دیدہ زیب ڈیزائن شارٹ لسٹ کر لیے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق ابتدائی مرحلے میں 10 روپے، 500 روپے اور 5 ہزار روپے کے کرنسی نوٹ کے 2 ڈیزائن شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں۔ جن میں سے ایک کی منظوری بعد میں دی جائے گی۔

نئے نوٹوں پر قائداعظم محمد علی جناح اور محترمہ فاطمہ جناح کی تصاویر نمایاں ہیں۔ نئے کرنسی نوٹوں کو انٹرنیشنل معیار کے مطابق تیار کر کے دسمبر تک جاری کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 21 اگست کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس کے دوران گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا تھا کہ دسمبر تک تمام کرنسی نوٹوں کا ڈیزائن تبدیل کرلیں گے۔ اس کے بعد باقاعدہ منظوری سے یہ نوٹ جاری کیے جائیں گے۔ نئے کرنسی نوٹوں میں سیکیورٹی فیچر زیادہ رکھے جا رہے ہیں۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ہم پلاسٹک کرنسی کو ٹیسٹ کریں گے اور عوامی قبولیت ہوئی تو جاری کریں گے۔

اسٹیٹ بینک نے مقابلے کے فاتحین کا بھی اعلان کیا۔ جس میں کئی فنکاروں نے اپنی شاندار تخلیقات کے لیے پوزیشن حاصل کیں۔ 10 روپے کے بینک نوٹ کے ڈیزائن کا پہلا انعام ڈاکٹر شیری عابدی کو دیا گیا جبکہ مرزا سفیان نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

دیگر قابل ذکر فاتحین میں 20 روپے کے نوٹ کے لیے ہارون خان جبکہ 100 روپے اور 5 ہزار روپے کے نوٹوں کے لیے میمونا افضل شامل ہیں۔ جنہوں نے دونوں کیٹیگریز میں پہلا انعام حاصل کیا۔