میری والدہ پاکستان کی محبت میں گرفتار ہوچکی ہیں، برطانوی ہائی کمشنر

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا ہے کہ میری والدہ اور ہمشیرہ پاکستان کی محبت میں گرفتار ہوچکی ہیں، برطانیہ پاکستان کا قریبی دوست اور شراکت دار ہے۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں میری تعیناتی کا پہلا سال مکمل ہو گیا، یہ ایک سال میری زندگی کا یادگار تھا۔ پاکستان میں رہنے کی ہمیشہ خواہش مند تھی۔

جین میریٹ کا کہنا تھا کہ ہم نے برطانیہ میں پاکستانیوں کے گرم جوش رویے، قدرتی خوبصورتی، ثقافتی ورثے اور لذیذ کھانوں کا بھی سن رکھا تھا۔ پاکستانی معاشرے میں خاندانی نظام کو اہمیت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری رہائش گاہ مارگلہ کے سر سبز پہاڑوں کے قریب ہے، نتھیا گلی کی دلفریب پہاڑی گزرگاہوں پر بھی چہل قدمی کرچکی ہوں۔ پاکستان پر موسمیاتی تغیرات کے اثرات ہیں اور موسمیاتی تبدیلی کے باعث مشکل کا سامنا ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ میں یہاں کے کھانوں کا ذکر کیے بغیر پاکستان کا ذکر مکمل نہیں سمجھتی۔ پشاور کے چپلی کباب سے لے کر ملتان کے حلوے خوب کھاچکی ہوں، کراچی کی بریانی دل بھر کے کھاچکی ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ راولپنڈی اسٹیڈیم میں میچز دیکھنا خوش گوار تجربہ تھا۔ یہ سال کرکٹ ٹیموں کی کارکردگی کے حوالے سے اچھا نہیں رہا۔