معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کرنے کے مقدمے میں انسداد دہشت گردی لاہور کی عدالت نے ملزمہ آمنہ عروج کو جیل بھیج دیا۔
عدالت نے گرفتار ملزمہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی،پولیس نے ملزمہ کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا تھا، ملزمہ کے خلاف تھانہ سندر پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے,عدالت نے آمنہ عروج کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا.
پولیس کی جانب سے درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ ملزمہ کے گھر کے کرائے نامے کی ریکوری کرنی ہے، عدالت 15 روزہ جسمانی ریمانڈ فراہم کرے۔
خیال رہے کہ خلیل الرحمان قمر کو 15 جولائی کو مبینہ طور پر اغوا کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، ملزمان کے خلاف 21 جولائی کو تھانہ سندر میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مرکزی ملزم حسن شاہ اور لڑکی سمیت 12 ملزمان پولیس کی تحویل میں ہیں، مرکزی ملزم 28 جولائی کو پکڑا گیا تھا، 29 جولائی کو ڈرامہ نگار کی نازیبا ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔