پی آئی اے حادثے میں جاں بحق ماڈل زارا کی آخری گفتگو، والدہ کی آنکھیں نم

پاکستانی ماڈل زارا عابد کی والدہ نے اپنی بیٹی کی آخری فون کال کا تذکرہ کرتے ہوئے جذباتی یادیں تازہ کیں۔

زارا عابد 22 مئی 2020 کو پی آئی اے کی بدقسمت پرواز میں سوار تھیں، جس کے حادثے نے نہ صرف پاکستانی شوبز انڈسٹری کو غمزدہ کیا بلکہ ان کے اہل خانہ کے لیے بھی ناقابلِ تلافی نقصان ثابت ہوا۔

حال ہی میں ایک انٹرویو میں تعظیم جمال نے بتایا کہ حادثے سے ایک روز قبل زارا نے انہیں فون پر کہا تھا: "ماما، میں آ کر آپ کو سرپرائز دوں گی۔"

والدہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں جانتی تھیں کہ یہ سرپرائز زندگی کا سب سے بڑا دکھ بن جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حادثے کے روز انہیں ٹی وی پر خبر دیکھنے کا کہا گیا، اور جب انہوں نے دیکھا تو ان کے ہاتھ پیر کانپنے لگ گئے۔ بعد میں ان کے بیٹے نے اطلاع دی کہ زارا کی لاش کی شناخت ہو چکی ہے۔

زارا کی والدہ نے کہا کہ ان کے پاس بیٹی کی آخری وائس نوٹ موجود ہے، جس میں وہ انہیں سالگرہ کی مبارکباد دے رہی تھیں۔