’اسکوئڈ گیم‘ سیزن ٹو کو دسمبر میں ریلیز کرنے کا اعلان

اسٹریمنگ ویب سائٹ اینڈ فلم پروڈکشن کمپنی نیٹ فلیکس نے سروائیول ویب سیریز ’اسکوئڈ گیم‘ کے دوسرے سیزن کا پوسٹر ٹیزر ریلیز کرتے ہوئے اسے دسمبر میں پیش کرنے کا اعلان کردیا۔

مختصر دورانیے کے ٹیزر میں لوگوں کو زندگی بچانے کے لیے ایتھلیٹس کی طرح دوڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

مختصر ٹیزر میں دوسرے سیزن کے مکمل کرداروں کو نہیں دکھایا گیا، تاہم پہلے سیزن کے کرداروں کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں۔

ٹیزر کو ریلیز کرتے ہوئے ویب سیریز کو 26 دسمبر 2024 کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ساتھ ہی ’اسکوئڈ گیم‘ کے تیسرے اور آخری سیزن کو آئندہ برس 2025 میں ریلیز کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔

نیٹ فلیکس نے دسمبر 2021 میں تصدیق کی تھی کہ ’اسکوئڈ گیم‘ سیریز کے مزید دو سیزن بنائے جائیں گے۔

’اسکوئڈ گیم‘ کو ستمبر 2021 میں نیٹ فلیکس پر ریلیز کیا گیا تھا اور یہ چند ہی ہفتوں میں سال کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی سیریز بنی تھی۔

سیریز کے رائٹر اور ڈائریکٹر ہوانگ ڈونگ ہیوک نے پہلے سیزن کی کامیابی کے بعد اس کے مزید دو سیزن بنانے کا اعلان کیا تھا اور اب نیٹ فلیکس نے اس کے دوسرے سیزن کو رواں برس ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سیریز میں بچوں کے کھیل کھیلنے اور قرض اتارنے کے خواہش مند افراد کو گیم میں شکست پر سب کے سامنے گولی مار کر ہلاک کردیا جاتا ہے اور وہ اسی سنسنی کی وجہ سے ہی دنیا بھر میں مقبول ہوئی۔