سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے معنی خیز ڈائیلاگ کو موجودہ سیاسی بحران کا حل قرار دے دیا۔
ڈاکٹر عشرت العباد خان نے حیدرآباد میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان اپنی تاریخ کے بدترین معاشی و سیاسی بحران سے گزر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماہانہ بجلی کا بل تنخواہ دار طبقے کی ماہانہ آمدنی سے تجاوز کرچکا ہے۔ حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ عوام بہتری کی امید مکمل طور پر کھوچکے ہیں اور ہر شخص ملک سے باہر جانا چاہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال ملک کی بقاء و سلامتی کیلئے انتہائی تشویشناک ہے۔موجودہ بحران اب بلاشبہ ایک نیشنل سکیورٹی چیلنج بن چکا ہے۔ ان حالات میں میرے نزدیک سب سے بڑا ٹاسک مایوس عوام کومتحد کرکے ان میں امید جگانا ہے۔ لیکن یہ کام بیانات اور کھوکھلے وعدوں سے نہیں ہوگا۔
سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ عوام میں امید جگانے کیلئے عوامی مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنا ہوگا ۔