ایران کے صدر مسعود پزیشکیان نے کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کا قتل اسرائیل کی بڑی غلطی ہے، جواب دیا جائے گا۔
اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفادی نے دورۂ تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کسی بھی اردنی وزیر خارجہ کا 20 سال میں ایران کا یہ پہلا دورہ ہے۔
اردنی وزیرخارجہ نے تہران میں ایرانی ہم منصب کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دورے کا مقصد علاقے میں سنگین کشیدگی پر مشاورت کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اختلافات دور کرنے کے لیے بات چیت شروع کرنی ہے، اردن نے ہمیشہ فلسطینی کاز اور فلسطینیوں کے حقوق کا دفاع کیا۔
ایمن الصفادی کا کہنا ہے کہ ہم نے فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کی مذمت کی، اسرائیل کے ان تمام اقدامات کو مسترد کیا جو سلامتی، استحکام اور امن کو روکتے ہیں۔