بانی پی ٹی آئی سے کسی قسم کی کوئی ڈیل زیر غور نہیں: رانا ثناءاللہ

وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کسی قسم کی کوئی ڈیل زیر غور نہیں، سیاسی ڈائیلاگ سیاسی جماعتوں کے درمیان ہونے چاہیے۔

وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثناء اللہ نے پاکستان ہائی کمیشن لندن کا دورہ کیا، اس موقع پر رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جانے کی افواہیں زیر گردش رہتی ہیں، بانی پی ٹی آئی سے کسی قسم کی کوئی ڈیل زیر غور نہیں، سیاسی ڈائیلاگ سیاسی جماعتوں کے درمیان ہونا چاہئے، بجلی کے بلوں میں کمی آئی پی پیز کے معاہدے میں غور سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک دیوالیہ پن کے قریب تھا، ن لیگ کی حکومت نے بچایا، اولمپکس میں 6، 7 افراد نے کوالیفائی کیا، اس کارکردگی پر تمغوں کی امید نہیں لگانی چاہیے، نواز شریف صوبائی اور وفاقی حکومت کی مکمل نگرانی کر رہے ہیں، وزیراعلی خیبر پختونخواہ تیس مار خان ہے، سرکاری میٹنگز میں اس کا رویہ مختلف ہوتا ہے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے معاملات ایسے ہیں جس پر انہیں کالعدم قرار دیا جا سکتا ہے، سیاسی جماعت پر پابندی کے لئے سپریم کورٹ سے اجازت لازم ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر کہہ چکے ہیں کہ نو مئی کے واقعات پر تحریک انصاف صدق دل سے معافی مانگے۔