بنگلادیش کیخلاف قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان ہوگیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 17 رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

بنگلادیش کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا، 17 رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ کی قیادت شان مسعود کریں گے جبکہ سعود شکیل نائب کپتان ہوں گے۔

سعود شکیل کو شاہین شاہ آفریدی کی جگہ نائب کپتان بنایا گیا ہے، جو آسٹریلیا کے دورے کے لیے نائب کپتان تھے، یہ فیصلہ انتہائی مصروف سیزن میں شاہین شاہ آفریدی کے ورک لوڈ کو سنبھالنے کے پیش نظر کیا گیا۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ کراچی میں 30 اگست سے 3 ستمبر تک ہوگا۔

پاکستان ٹیم کو 21 اگست 2024 سے آئندہ سال 5 اپریل 2025 تک 9 ٹیسٹ اور 14 ٹی ٹوئنٹی کھیلنے ہیں، پاکستان ٹیم کو اس سیزن میں کم ازکم 17 ون ڈے انٹرنیشنل بھی کھیلنے ہیں۔

جیسن گلیسپی کی ریڈ بال ہیڈ کوچ کی حیثیت سے پہلی ٹیسٹ سیریز ہو گی، ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان شاہینز کی طرف سے عمدہ کارکردگی دکھانے والے محمد ہریرہ، کامران غلام اور محمد علی اسکواڈ میں شامل ہیں۔

ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان کا اسکواڈ اِن کھلاڑیوں پر مشتمل ہے

پاکستان کے 17 رکنی اسکواڈ میں کپتان شان مسعود، نائب کپتان سعود شکیل، عبد اللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد رضوان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں جبکہ عامر جمال کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہے۔

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا کیمپ 11 اگست سے راولپنڈی میں شروع ہوگا، سیریز میں شرکت کے لیے بنگلہ دیش ٹیسٹ ٹیم 17 اگست کو اسلام آباد پہنچے گی۔

بنگلہ دیش اے کے خلاف پہلے 4 روزہ میچ کے لیے پاکستان شاہینز کا بھی اعلان کردیا گیا، بنگلہ دیش اے کے خلاف پہلے 4 روزہ میچ کے لیے سعود شکیل کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔