اکشے کمار کو دوسری شادی کرنے سے پہلے بیوی کی دھمکی

بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ اور مصنفہ ٹوئنکل کھنہ نے اپنے شوہر اکشے کمار کو دوسری شادی کرنے سے پہلے ہی دھمکی دے دی۔

 

بھارتی میڈیا کے مطابق ٹوئنکل کھنہ نے اپنے نئے بلاگ میں اکشے کمار کے ساتھ اپنی حالیہ چھٹیوں کے بارے میں بات کی جہاں اس جوڑے کے درمیان دوسری شادی کو لیکر مضحکہ خیز گفتگو ہوئی تھی، ٹوئنکل کھنہ نے اپنے بلاگ میں بتایا کہ چھوٹیوں کے دوران ایک شام ہم واپس اپنے کیمپ کی طرف جارہے تھے تو راستے میں ہمارے ٹور گائیڈ نے ہمیں پرندوں کے ایک جوڑے سے ملوایا جسے ٹِک ٹِک کہتے ہیں،  مصنفہ نے کہا کہ ٹور گائیڈ نے بتایا کہ پرندوں کا یہ جوڑا ایک دوسرے سے اس قدر عشق کرتا ہے کہ جب ان میں سے کوئی ایک مر جاتا ہے تو دوسرا پرندہ زہریلی گھاس کھاکر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیتا ہے،اُنہوں نے کہا کہ یہ بات سُن کر میں نے اکشے کمار سے کہا کہ اگر میں آپ سے پہلے مر گئی تو آپ بھی اس پرندے کی طرح زہریلی گھاس کھاکر مر جانا کیونکہ اگر میرے مرنے کے بعد آپ نے دوسری شادی کی اور میں نے آپ دونوں کو ایک ساتھ گھومتے پھرتے دیکھا تو میں وعدہ کرتی ہوں کہ میں آپ دونوں کو بہت ستاؤں گی،ٹوئنکل کھنہ کے بلاگ کے مطابق اکشے کمار نے سر ہلاتے ہوئے مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ میں ابھی وہ زہریلی گھاس کھانا چاہتا ہوں کیونکہ پھر مجھے یہ سب بکواس نہیں سُننی پڑے گی۔

واضح رہے کہ اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ نے سال 2001 میں شادی کی تھی، اس جوڑے کے دو بچے ہیں۔