برطانیہ میں سال کا گرم ترین دن؛ شہریوں کے پسینے چھوٹ گئے

لندن: برطانیہ میں پیر کے روز سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا جب درجہ حرارت 34.8 سینٹی گریڈ تک جا پہنچا اور گرمی سے بے حال شہری بڑی تعداد میں ساحل، واٹر پارک اور سوئمنگ پول پر پہنچ گئے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق محکمہ موسمیات نے یلو وارننگ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ چند روز تک لندن سمیت ملک کے کئی علاقوں میں موسم گرم رہے گا۔

بیان میں شہریوں کو بلاضرورت گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ڈی ہائیڈریشن سے بچنے کے لیے پانی کی بوتل ہمیشہ ساتھ رکھیں۔ ہلکے کپڑے پہنیں اور سر کو چھتری یا ٹوپی سے ڈھانکے رہیں۔


برطانیہ میں عمومی طور پر موسم سرد رہتا ہے۔ شہریوں کو اتنی گرمی کی عادت نہیں لیکن گوبل وارمنگ نے موسم کو تبدیل کرکے رکھ دیا ہے۔ گزشتہ برس یورپ میں گرمی سے 47 ہزار اموات ہوئی تھیں۔

گلوبل وارمنگ کی وجہ سے غیرمتوقع، بے موسم اور امکان سے زیادہ بارشوں اور گلیشیئر کے پگھلنے سے موسمی تغیرات برپا پو رہے ہیں۔ سردی اور گرمی دونوں میں اضافہ ہوا ہے۔