نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بتایا ہے کہ خیبر پختون خوا میں 14 سے 18 اگست تک بارشوں کا سلسلہ متوقع ہے۔
اس حوالے سے این ڈی ایم اے نے ممکنہ سیلابی صورتِ حال کے پیشِ نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ بھی جار ی کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 14 تا 18 اگست صوبے کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ اس دوران ہزارہ، مالاکنڈ ڈویژن، پشاور، بنوں، ڈی آئی خان، ہنگو، ہری پور، کوہاٹ میں مزید بارشیں متوقع ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق کرم، لکی مروت، مہمند، اورکزئی اور وزیرستان کے علاقوں میں بھی مزید بارشیں متوقع ہیں۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارش کے باعث سیلابی صورتِ حال اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے اس لیے متعلقہ ادارے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ اثرات کم کرنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ممکنہ ہنگامی صورتِ حال پر وسائل کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔
این ڈی ایم اے نے سیلابی صورتِ حال سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے اور سیاحوں کو لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیشِ نظر پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔