آج سے 17 اگست تک موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کر دی گئی، طوفانی بارشوں کے پیش نظر نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے شروع ہونے والے مون سون بارشوں کے نئے سلسلے سے اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، شیخو پورہ اور قصور کے نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ، مردان، چارسدہ اور پشاور کے نشیبی علاقے بھی زیر آب آنے کا اندیشہ ہے جبکہ طوفانی بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ سے ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔
نوشہرہ، صوابی، مردان، چارسدہ، پشاور، بونیر، سیدو شریف، مانسہرہ میں بھی بارشوں کا امکان ہے جبکہ کوہستان، دیر، سوات، شانگلہ، بالاکوٹ کے مقامی، برساتی ندی نالوں اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔