مبینہ اغوا کا معاملہ،'جرم پر توجہ دیں مجھ پر نہیں'، اداکارہ تنقید کرنے والوں پر پھٹ پڑیں

اداکارہ نمرہ خان  نے اپنے مبینہ اغوا کے معاملے پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مجھے کسی کی ہمدردی کی ضرورت نہیں ہے، آپ لوگ مجھ پر نہیں جرم پر توجہ دیں۔

اداکارہ نے سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میرا سوشل میڈیا پر آواز اٹھانے کا مقصد صرف اتنا تھا کہ اس جگہ پر کوئی بھی لڑکی ہو سکتی تھی، ان کا ٹارگٹ نمرہ خان نہیں بلکہ ایک لڑکی تھی۔

اداکارہ نے کہا کہ ان کے چہروں سے صاف پتا چل رہا تھا وہ مجھے نہیں جانتے تھے، ان کا ٹارگٹ صرف ایک لڑکی تھی اور وہ کوئی بھی لڑکی ہو سکتی تھی، میں، آپ یا آپ کے گھر کی کوئی بھی خاتون۔


انہوں نے مزید کہا کہ میں نے آواز صرف اسی لیے اٹھائی کہ برائے مہربانی اپنی حفاظت کریں، چینل والے جو بھی لوگ ہیں مجھ پر فوکس نہ کریں جرم پر توجہ دیں، مجھے کسی سے کوئی توجہ اور ہمدردی نہیں چاہیے۔

واضح رہے کچھ روز قبل اداکارہ کے ساتھ مبینہ اغوا کی کوشش کا واقعہ پیش آیا تھا، اس حوالے سے اداکارہ نے سوشل میڈیا پر اپنے چاہنے والوں کو آگاہی دی تھی اور اب اداکارہ کے مبینہ اغوا کی کوشش کی سی سی ٹی وی بھی سامنے آگئی ہے۔