صدر مملکت آصف علی زرداری نے علی حیدر گیلانی کو ہلال امتیاز عطا کرنے کی منظوری دے دی

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رہنما علی حیدر گیلانی کو ہلال امتیاز عطا کرنے کی منظوری دے دی۔

ایوان صدر سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے علی حیدر گیلانی کو ہلال امتیاز عطا کرنے کی منظوری وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر دی ہے۔

قبل ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری نے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کیلئے خدمات کے اعتراف میں 104 پاکستانی و غیر ملکی شخصیات کے لیے سول ایوارڈز کی منظوری دے دی تھی۔

صدر مملکت کی منظوری کے بعد مذکورہ تمام تر افراد کو سول ایوارڈ 23 مارچ 2025 کی تقریب میں دیے جائیں گے، سائنس، انجینئرنگ، تعلیم، طب، فنون، ادب، کھیل، سماجی خدمات، انسان دوستی، کاروباری، ٹیکس دہندگان اور برآمد کنندگان، عوامی خدمات، بہادری اور خدمات کے شعبوں میں یہ ایوارڈز دیے جائیں گے۔

سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید کو عوامی خدمت کے شعبے میں نشانِ پاکستان اور کھیلوں کے شعبے میں ارشد ندیم کو ہلال امتیاز اور مراد سدپارہ کو ستارہِ امتیاز اور ادب کے شعبے میں ناصر کاظمی کو بعد ازمرگ نشان امتیاز کا ایوارڈ دیا جائے گا۔