ملک بھر میں آج بارش کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات نے آج ملک بھر میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، کراچی میں آج اور اتوار کو موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مون سون ہوائیں آج سے شہر پر اثر انداز ہوسکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں آج اور اتوار کو موسلادھار بارش کا امکان ہے جس سے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں مون سون کا اسپیل 25 اگست تک جاری رہنے کا امکان ، اس دوران سندھ اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

جمعے کو پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، لاہور کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی تو موسم خوشگوار ہوگیا۔

اس کے علاوہ شیخوپورہ، رحیم یار خان، قصور سمیت پنجاب کے متعدد علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔

خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں بھی تیز بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔