موسلادھار بارش سے تمام بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ، این ڈی ایم اے کی ایڈوائزری جاری

ملک بھر میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹے تک موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

ملک میں 18 سے 19 اگست تک وقفے کے ساتھ مزید بارشیں متوقع ہیں۔ این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں کو چوکس رہنے اور عوام کو موسلادھار بارشوں سے باخبر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

خیال رہے کہ اتوار کی رات سے پیر تک مزید بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ کئی شہروں کے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال ہوسکتی ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، شیخوپورہ ، قصور اور گوجرانوالہ میں تیز بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ سیالکوٹ، سرگودھا، اور فیصل آباد میں بھی برسات متوقع ہے۔ جبکہ نوشہرہ اور پشاور کے بھی نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، بارشوں کے باعث 2 روز میں مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 28 ہوگئی، سکھر، لاڑکانہ، دادو اور جیکب آباد موسلادھار بارش سے ڈوب گئے جہاں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی، بارش کے باعث گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے مطابق یکم جولائی سے بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں سے 65 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔